ویٹکن ،3جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)وراٹ سینا ان دنوں غیر ملکی زمین پر کچھ اچھا نہیں کر پا رہی ہے۔اس دوران اسے ایسی ٹیموں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جو آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں نچلے آرڈر پر رہیں۔ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے چوتھے ون ڈے میں شکست کے ساتھ ہی مہینے بھر میں تیسری بار وہ کمزور ٹیموں سے ہار چکی ہے۔سب سے پہلے وراٹ بریگیڈ کو چیمپئنز ٹرافی میں سری لنکا نے 7وکٹ سے کراری شکست دی تھی۔8جون کو اوول میں کھیلا گیا یہ ون ڈے مقابلہ ایسی ٹیم کے خلاف تھا جو رینکنگ میں اس وقت ساتویں نمبر پر تھی۔ہندوستان کے 322رنز کا بڑا ہدف بھی سری لنکا نے صرف 3وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔
سب سے بڑھ کر وراٹ بریگیڈ نے 18جون کو اپنے دیرینہ مخالف کے خلاف فائنل گنوایا۔ہندوستان کی چیمپئنز ٹرافی میں وہ ہار مسلسل شہ سرخیوں میں رہی۔اس وقت پاکستان کی ٹیم آئی سی سی رینکنگ میں 8ویں نمبر پر تھی۔اوول میں 339رنز کے ہدف کے آگے ٹیم انڈیا ہدف کے قریب بھی نہیں پہنچ پائی اور 158رنز پر سمٹ گئی تھی۔
چیمپئنز ٹرافی کھیل کر کیریبین دورے پر پہنچی ٹیم انڈیا کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔درجہ بندی میں 9ویں مقام پر دو چارویسٹ انڈیز کی ٹیم نے وراٹ بریگیڈ کو 11رنز سے شکست دی۔نارتھ ساؤنڈ میں 190رنز کا ہدف بھی ٹیم انڈیا کی پہنچ سے باہر رہا اور پوری ٹیم 178رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
گزشتہ 5سال کے دوران کھیلے گئے ون ڈے مقابلوں میں ہندوستا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا گیا یہ مقابلہ سب سے سست ثابت ہوا۔95سے زیادہ اوور والے میچوں میں رن ریٹ کی بات کریں، تو اس میچ میں 3.68کا رن ریٹ رہا۔